بدھ 26 اگست 2026 - 15:59
نعتِ نبی/زبانِ اشک مدینے میں خوب کام آئی

حوزہ/میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی مناسبت سے نعت رسولِ خدا پیش خدمت ہے۔

شاعر: مولانا محمد ابراہیم نوری قمی

حوزہ نیوز ایجنسی|

ہے دستیاب رضائے خدا نبی کے حضور

خمیدہ ہے سرِ ارض و سما نبی کے حضور

نمیدہ چشم و دلِ نادم و شکستہ حروف

میں تحفتہً یہی کچھ لے گیا نبی کے حضور

ادب کے دائرے میں رہ کے حاضری دیجیے

ادب سے بیٹھتے ہیں انبیاء نبی کے حضور

کہ حبط ہو نہ کہیں نامۂ عمل تیرا

کبھی نہ کرنا تو اونچی صدا نبی کے حضور

زبانِ اشک مدینے میں خوب کام آئی

لبوں کو میں نے مقفل کیا نبی کے حضور

بلال و بوذر و سلمان دے رہے ہیں صدا

ہوئے ہیں خاک سے ہم کیمیا نبی کے حضور

وطن میں سب سے کہا زائرِ مدینہ نے

کہ میں تو آگیا دل رہ گیا نبی کے حضور

انہیں کا قول ہے ذکرِ علیٔ عبادت ہے

پڑھوں گا منقبتِ مرتضٰی نبی کے حضور

صراطِ آلِ محمد پہ گامزن رہنا

کہ لے کے جائے گا یہ راستہ نبی کے حضور

سلام نوری بھی کہنا انہیں خدا کے لیے

تُو جب بھی جانا اے بادِ صبا نبی کے حضور

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha